تحریک انصاف کے 25 ارکان پارٹی چھوڑرہے ہیں، ان میں سے 20 ارکان ن لیگ سے رابطے میں ہیں جبکہ باقی 5 ارکان۔۔۔حامد میر کا تہلکہ خیز دعویٰ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف صحافی حامد میر نے نجی ٹی وی نیو نیوز کے پروگرام میں دعوی کیا ہے کہ تحریک انصاف کے 25 ارکان پارٹی چھوڑرہے ہیں،
ان میں سے 20 ارکان ن لیگ سے رابطے میں ہیں وہ ن لیگ کی ٹکٹ لینا چاہتے ہیں ۔ان میں سے 12 کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے جبکہ 8 کا تعلق سنٹرل
پنجاب سے ہے۔اب ن لیگ کے لیے مسلہ یہ ہے کہ ان کی قیادت نے کہا ہے کہ وہ جنوبی پنجاب میں تو ایڈجسٹمنٹ کر سکتے ہیں
لیکن سنٹرل پنجاب میں بہت مشکل ہے۔باقی 5 میں سے ایک کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے۔4 افراد حکومتی اتحاد سے تعلق رکھتے ہیں جو کہ سندھ سےہیں اور وہ پیپلز پارٹی سے ٹکٹ لینے کے خواہاں ہیں۔
خیبر پختواہ سے تعلق رکھنے والے رکن جمعیت العلما اسلام کا ٹکٹ لینا چاہتے ہیں۔دوسری جانب ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ لاہور سے دو وزرا نے مجھے خود بتایا کہ آئندہ الیکشن ہم پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑیں گے،
میں نے جواب میں انہیں کہا کہ پھر آپ تحریک انصاف چھوڑ کیوں نہیں دیتے جس پر انہوں نے کہا کہ ہمارا دماغ خراب ہے ،نذیر چوہان کا حال دیکھا ہے ، ایک ہی دن میں ان پر 4پرچے ہوگئے ، عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ عمران خان بات دل میں رکھتے ہیں ،
جب انہیں موقع ملتا ہے تو وہ سٹروک کھیلتے ہیں ، نور عالم خان کا معاملہ آپ کے سامنے ہے ، پرویز خٹک سے تو خیر صلح صفائی ہو گئی ، جہانگیر ترین گروپ کے لوگ بھی پی ٹی آئی کا ٹکٹ نہیں لیں گے۔