منرل واٹر کے نام پر فروخت 16 کمپنیوں کا پانی مضر صحت ہونیکا انکشاف، جانئے کون کونسے برانڈز شامل ہیں جن کا آلودہ پانی ہونیکا انکشاف ہوا ہے؟
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پینے کے صاف اور محفوظ پانی کے نام پر فروخت ہونے والی منرل واٹر (بوتل بند) کی برانڈکے 16نمونے آلودہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جنہیں پینے کیلئے غیرمحفوظ قرار دیا گیا ہے۔
قومی اخبار جنگ میں شائع ساجد چوہدری کی رپورٹ کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ادارے پاکستان آبی وسائل کی تحقیقاتی کونسل (پی سی آر ڈبلیو آر) نےاکتوبر سے دسمبر 2021 ءکی سہ ماہی تجزیاتی رپورٹ جاری کر دی ہے
جس کے مطابق مجموعی طور پر 22 شہروں سے بوتل بند،منرل پانی کے 181برانڈز کے نمونے حاصل کئے گئے، ان نمونوں کا پاکستان
سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) کے تجویز کردہ معیار کے مطابق لیبارٹری تجزیہ کیا گیا تو 181میں سے 16 برانڈز پینے کیلئے غیر معیاری پائے گئے، ان 16 میں سے 13 برانڈز (آکسفورڈ پیور واٹر، سپ اپ، نیو بکستن،
مور پلس، آئس لے، پیور، آکسی ڈانو، نیشن، نوبل، آبِ حیات، آبِ صحت، ڈیفنس، ڈورو) کے نمونوں میں سوڈیم کی مقدار سٹینڈرڈ سے زیادہ پائی گئی،
ایک برانڈ (نیشن) کے نمونے میں سنکھیا کی مقدار سٹینڈرڈ سے زیادہ پائی گئی، دو برانڈز (مور پلس اور نوبل) کے نمونوں میں پوٹاشیم کی مقدار سٹینڈرڈ سے زیادہ پائی گئی
اور دو برانڈز (آکسی ڈانو اور نوبل) کے نمونے میں ٹی ڈی ایس کی مقدار سٹینڈرڈ سے زیادہ پائی گئی، 4
برانڈز (مناہ، سپ اپ، نیو اے ایس، واٹیریا) جراثیم سے آلودہ پائے گئے جوکہ پینے کے لئے غیر محفوظ ہیں۔