ماں کو درد میں تڑپتا کیسے دیکھتا اس لئے اپنا ہی جگر دے دیا۔۔ ماں سے محبت کی عظیم مثال! جان کر لوگوں کے دل بھی خوش ہوگئے
“ماں کو درد ہوتا تھا اس لئے اپنا جگر انھیں عطیہ کردیا۔ میری ماں ہی میری زندگی کی اولین محبت ہیں۔ ان کو تکلیف میں نہیں دے سکتا تھا۔
آپ سب سے گزارش ہے کہ میری والدہ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کریں“
یہ کہنا ہے حسام زاہد کا جنھوں نے اپنی ماں کی بیماری میں انھیں تکلیف میں مبتلا دیکھا تو اپنا ہی جگر عطیہ کردیا۔ اتنا ہی نہیں
بلکہ یہ نیک کام کرنے کے بعد بھی وہ تصویر میں اپنی والدہ کے ساتھ بیٹھے کافی خوش باش دکھائی دے رہے ہیں۔
آپریشن کے بعد کی تصاویر
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حسام کے چہرے سے سچی خوشی پھوٹی پڑ رہی ہے۔ ان کی والدہ بھی بیٹے کا منہ چوم رہی ہیں۔ کچھ تصاویر میں حسام بستر پر لیٹے دکھائی دے رہے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ یہ تصاویر ان کی آپریشن سے پہلے یا فوری بعد کی ہیں جس میں وہ آرام کررہے تھے۔
عظیم مثال
بے شک جیسے ایک ماں کے لئے نیک اور سعادت مند اولاد سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوسکتا۔ ٹھیک اسی طرح اولاد کے لئے بھی والدین بالخصوص ماں سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوسکتا۔
جیسے والدین اپنے بچوں کے لئے قربانیاں دیتے ہیں۔ خوش نصیب اولادیں بھی اپنے والدین کے لئے قربانیاں دینا جانتی ہیں۔ بلاشبہ حسام زاہد اس حوالے سے ایک عظیم مثال ہیں۔