گورنر پنجاب کو کتنے دنوں میں فارغ کر دیا جائیگا؟ اہم انکشاف کر دیا گیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے حلف نہ لے کر آئین کی خلاف ورزی کی۔ تفصیلات کے مطابق رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ آج سے 6 دن بعد فارغ ہو جائیں گے، نیا گورنر تعینات ہو جائے گا،
انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت وزیرِ اعظم کی بھیجی گئی سمری 14 دن میں منظور یا اعتراض لگا کر واپس کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم اسی طرح کی سمری دوبارہ بھیج دیں
تو صدرِمملکت کو منظور کرنا ہوتی ہے، اگر صدر سمری منظور نہ کریں تو 10 دن میں سمری منظور سمجھی جاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف اسلام آباد کے لیے 30 لاکھ نہیں چند ہزار لوگوں کی بات کرے۔ رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ اسلام آباد پہنچنے پر ان لوگوں نے قانون ہاتھ میں لیا
تو قانون انہیں ہاتھ میں لے گا۔دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل (این ایس سی) کے دونوں اعلامیوں کے بعد سازش کی تصدیق ہو چکی ہے۔گورنر پنجاب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وقوعہ کے بعد تحقیقات سازش کے کرداروں اور طریقہ واردات کی ہونی چاہیے،
دیکھا جائے کیوں اور کیسے آرٹیکل 9 کی آئین شکنی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی عزت و وقار اور آزادی، معزز ججز کے کردار اور فیصلوں پر منحصر ہوتی ہے، عوام نے عدلیہ کی آزادی اور انصاف کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا
کہ جو جج عدلیہ کی عزت کیلئے پریشر کے باوجود کوئی غیر آئینی فیصلہ نہیں دیتے قابل تعریف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ افراد کی غلطی، حماقت یا قانون شکنی سے پورے ادارے کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی سے گریز ملک اور اس ادارے سے غداری ہے۔