تحریک عدم اعتماد کا معاملہ
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک عدم اعتماد کا معاملہ، وزیر اعظم عوام کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب،تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے وابستہ صحافی شہزاد اقبال کی جانب سے اپنے پروگرام میں بتایا گیا
کہ وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق ملک کے بڑے شہروں کی عوام کی رائے جاننے کیلئے ایک سروے کیا گیا۔
اس سروے کے دوران لاہور، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں سے پوچھا گیا کہ آیا وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونی چاہیے یا انہیں ابھی بھی حکومت میں رہنا چاہیے۔ اس سروے کے دوران 53 فیصد افراد نے وزیر اعظم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں حکومت میں ہی رہنا چاہیے،
جبکہ 46 فیصد افراد نے کہا کہ عمران خان کو اب چلے جانا چاہیئے۔ اس سے قبل وزیر اعظم کی اینکر پرسنز سے ملاقات کے حوالے سے شہزاد اقبال نے جیو نیوز سے ہی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے کہاکہ وہ بہت پر اعتماد ہیں کہ تحریک عدم اعتماد کو شکست دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ اتحادیوں اور منحرف ارکان سے رابطے میں ہیں، وہ عوامی مقبولیت کو دیکھ رہے ہیں، جب سے اپوزیشن عدم اعتماد لائی ہے تب سے ہماری مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور پی ٹی آئی کی دھرنے کے وقت جو مقبولیت تھی وہی مقبولیت اس وقت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ دیکھیں گے جلسے میں کتنے لوگ آئیں گے، چاہے اتحادی ہوں،
منحرف ارکان یا ادارے، سب حکومت کے ساتھ کھڑے ہوجائیں گے، بعض لوگوں کو خدشہ ہوگیا تھا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت کم ہورہی ہے لیکن گزشتہ دو ہفتے میں اس میں اضافہ ہوا ہے، 27 مارچ کوبڑا جلسہ ہوگا اس سے واضح ہوگا کہ پی ٹی آئی کتنی مقبول ہے، جسے لگتا ہے حکومت جانی چاہے تو وہ اپنا ذہن بدل لے۔