سیاست میں بڑی ہلچل !جہانگیر ترین گروپ کے 17 ارکان اسمبلی کی پی ٹی آئی میں واپسی کے لئے مشروط آمادگی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) جہانگیر ترین گروپ کے 17 ارکان اسمبلی نے پی ٹی آئی میں واپسی کے لئے مشروط آمادگی کا اظہار کر دیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی ٹیم نے ترین گروپ کے مطالبات سے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کو آگاہ کر دیا ہے، حکومتی مذاکراتی ٹیم ترین گروپ سے آج شام دوبارہ ٹیلی فونک رابطہ کرسکتی ہے۔
جب کہ آئندہ ایک دو روز میں ترین گروپ سے حکومتی ٹیم کی دوبارہ ملاقات کا امکان ہے۔ ترین گروپ کی حکومتی شخصیات سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع نے بتایا
کہ وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے مذاکرات کیے، جس میں گروپ اراکین کو ان کے تحفظات دور کرنے اور ان کی وزیراعظم عمران خان یا وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے براہ راست ملاقات کی بھی پیشکش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ نے مذاکراتی شخصیات سے ایک بار پھر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پارٹی نہیں چھوڑنا چاہتے، لیکن عثمان بزدار کو مائنس کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ کے 17 ارکان اسمبلی نے وزیراعلٰی عثمان بزدار کے ساتھ تحفظات کی طویل فہرست پیش کی، اور اس کے علاوہ حلقوں کے مسائل، بیورو کریسی کے رویئے اور انتقامی کارروائیوں سے حکومتی ٹیم کو آگاہ کیا۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن کے مطابق ترین گروپ نے حلقوں کے حوالے سے بالکل حقیقی تحفظات سامنے رکھے۔ اور جب گروپ کو پیشکش کی گئی کہ اگر آپ وزیراعظم عمران خان کے سامنے اپنے معاملات رکھنا چاہتے ہیں
تو ملاقات کا اہتمام کروا سکتے ہیں، تو گروپ اراکین نے کہا کہ وزیراعلی کی تبدیلی پہلے نمبر پر مطالبہ ہے۔