وزیراعلیٰ سندھ کا اپنا اور وزراء کا پیٹرول کا کوٹہ 40 فیصد تک کم کرنے کا اعلان
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے ملک میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد صوبائی کابینہ کے اراکین، وزراء اور اپنا پیٹرول کا کوٹہ 40 فیصد تک کم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے صوبائی وزراء اور افسران کا پیٹرول کوٹہ کم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے پر پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کا مزید بوجھ ڈالنے سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 30روپے کا اضافہ کردیا ہے جس کے بعد پیٹرول ملکی تاریخ میں پہلی بار 200 روپے فی لیٹر سے تجاوز کرگیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت 30 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد 209 روپے 86 پیسے ہوگئی ہے، ڈیزل کی نئی قیمت 204 روپے 15پیسے ہوگی، لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بڑھا کر 178 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت بڑھا کر 181 روپے 94 پیسے کردی گئی ہے۔
ملک میں معاشی بحران کی وجہ سے پیٹرولیم قیمتوں پر سبسڈی ختم کرنے کے بعد عوام میں شدید اشتعال پایا جارہا ہے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حکمرانوں کا مفت پیٹرول اور مراعات ختم کرنے کے حوالے سے مہم بھی چلائی جارہی ہے۔