اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر، نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی سے عاجز عوام پر بجلی کے بلوں کا بوجھ کرنے کے لیے نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کر دی ہے۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 26 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی ہے۔ جاری نوٹیفکیشن
کے مطابق سی پی پی اے نے 12 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔ نیپرا نے کہاہے کہ اتھارٹی نے 29 جون 2021 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی ،یونٹ کی قیمت میں کمی کااطلاق جولائی کے بلوں پر ہوگا ،نیپرا نے کہاکہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ آج ملک میں بجلی کی پیداوار کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا اور آج 24ہزار284میگاواٹ بجلی نیٹ ورک کو فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے پہلے جولائی2018 میں پیداوار کا ریکارڈ 20 ہزار 811میگا واٹ تھا۔ان کا کہنا تھاکہ تربیلا پیداوار کا 25 فیصد پیدا کررہا ہے پھر بھی ریکارڈ بجلی کی پیداوار ہوئی جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے بجلی پیداوار ہی نہیں بلکہ ترسیل کے نظام کو بھی توسیع دی۔ملک میں بجلی کی ریکارڈ پیداوار کے بعد لوڈشیڈنگ ختم ہونے کا امکان ہے۔ تربیلا ڈیم کی بجلی کی پروڈکٹس میں کمی کی وجہ سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم بعدازاں اس شارٹ فال میں بتدریج کمی دیکھی گئی۔چند روز قبل بجلی کا شارٹ فال 2 ہزار200 میگاواٹ تھا جبکہ مجموعی پیداوار 22 ہزار800 میگاواٹ بتائی گئی تھی۔