ٹی 20کرکٹ میں کم سکور کا نیا ریکارڈ ،10رنز پر پوری ٹیم آئوٹ پھر دو گیندوں پر دو چھکے اور میچ ختم
کرکٹ کی تاریخ میں نت نئے ریکارڈ بنتے رہتے ہیں تاہم ایک ریکارڈ جو کوئی بھی ٹیم اپنے نام کروانے سے کتراتی ہے وہ کم سے کم سکور پر آؤٹ ہونے کا ہوتا ہے۔لیکن اتوار کے دن ٹی ٹوئنٹی کی ایک نئی تاریخ رقم ہوئی جب آئیل آف مین کی پوری ٹیم سپین کے خلاف
صرف 10 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔بی بی سی اردو کے مطابق یہ کوئی گلی محلے کا میچ نہیں بلکہ سپین میں کھیلا جانے والا ایک باقاعدہ بین الاقوامی میچ ٹی ٹوئنٹی تھا۔آئیل آف مین برطانیہ اور آئر لینڈ کے درمیان واقع ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے
جس کی کرکٹ ٹیم 2017 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ بطور ایسوسی ایٹ رکن رجسٹر ہوئی۔اس تاریخی میچ میں آئیل آف مین کی جانب سے جوزف بروز ٹاپ سکورر رہے جنھوں نے پولین لوٹنے قبل چار رن بنائے جو مجموعی سکور کا 40 فیصد تھا۔
ان کی ٹیم کے سات کھلاڑی صفر پر آوٹ ہوئے۔دوسری جانب سپین کی جانب سے لیفٹ آرم فاسٹ بالر عاطف محمود اور محمد کامران نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ان میں کامران کی ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ انھوں نے اپنے تیسرے اوور میں لوک وارڈ، کارل ہارٹمین اور ایڈورڈ بیئرڈ کو یکے بعد دیگرے آوٹ کیا تھا
۔معاملہ صرف یہاں ختم نہیں ہوا۔اس میچ کی دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ آئیل آف مین کی ٹیم کو 10 رن پر آوٹ کرنے کے بعد جب سپین کے اوپنر میدان میں آئے تو ان کے پاس پورے 20 اوور تھے۔لیکن انھوں نے صرف دو گیندیں ہی کھیل کر آئیل آف مین کو ہرا دیا۔اوپنر اویس احمد نے یکے بعد دیگرے پہلے اوور کی دو گیندوں پر چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔