پاکستانی شہری محمد ذہین جس کا نام امریکی ایئرلائن نے اپنے جہاز پر لکھوا لیا، وجہ انتہائی شاندار
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکی ایئر لائن “یونائیٹڈ” نے پاکستانی شہری “محمد ذہین ” کا نام اپنے طیارے پر لکھوا دیا ہے ، ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ امریکی ائر لائن نے کسی شخص کا نام اپنے طیارے پر لکھا ہو، جتنا یہ اعزاز خوبصورت ہے اتنی ہی اس عمل کے پیچھے چھپی وجہ بھی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شہری محمد ذہین کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں امریکی ایئر لائن کے طیارے پر لکھے اپنے نام سے پردہ ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ امریکی ائر لائن میں بطور اسائنمنٹ ہیڈ کام کر رہے ہیں ،
ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ اعزاز میرے 35سالہ کیریئر میں ایک بھی چھٹی نہ کرنے پر دیا گیا ہے ۔ محمد ذہین کے مطابق جب میرے 35 سال مکمل ہوئے تو کمپنی والوں نے مجھ سے پوچھا کہ آپ کی کیا خواہش ہے ، میں نے کہا کہ اب تک مجھے بہت سے ایوارڈ مل چکے ہیں ،تو انہوں نے کہا کہ اہم آ پ کو پیشکش کرتے ہیں ،
گفٹ کارڈ ، رقم یا کسی ملک کی سیر پر چلے جائیں ، لیکن میں نے ان سے کہا کہ میں تو دنیا کے تقریباً ہر ملک میں کمپنی کی طرف سے جا چکا ہوں، میری ائر لائن نے مجھے بہت سی سہولیات دی ہیں، مجھے کہیں جانے کی خواہش نہیں ہے۔ محمد ذہین نےبتایا کہ پھر میں نے ان سے کہا کہ لیکن اگر آپ میر ی خواہش پوچھتے ہیں تو آپ میرا نام جہاز پر لکھ دیں ،
جس پر میرے آفیسرز نے کچھ عرصے میں فیصلہ لیا اور میرا نام جہاز پر لکھ دیا ، ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کمپنی کے 85ہزار ملازمین کام کرتے ہیں، میں واحد ہوں جسے یہ اعزاز دیا گیا ہے ۔