ایک صوبیدار، 4 جوان مہیا کر دیں تو حمزہ شہباز کو گرفتار کروا کر جیل میں ڈلوا دوں گا،گورنر پنجاب نے آرمی چیف کو بھی خط لکھ دیا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور صدر مملکت کو خط لکھ دیا،
گورنر پنجاب نے آرمی چیف کو صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خطوط کی نقول بھی بھجوا دیں۔عمر سرفراز چیمہ نے آرمی چیف سے پنجاب کی موجودہ صورتحال میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔
بعدازاں ٹوئیٹ میں لکھا کہ اگر آرمی چیف مجھے ایک صوبیدار اور 4 جوان مہیا کر دیں تو میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو گرفتار کروا کے جیل میں ڈلوا دوں گا۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے
مطابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کاکہنا ہے کہ آئینی اور قانونی بحران کا شکار پنجاب کو طاقت کے زور پر یرغمال بنا لیا گیا ہے۔بڑی سیاسی جماعتوں کی خاموشی انتہائی تشویشناک ہے،
وزیراعلیٰ بننے کے لیے حمزہ شہباز فارمولا قابل قبول ہے تو باقی صوبے اپنی فکر کریں، ایسے تو پھر اواب علوی اگلے وزیراعلیٰ سندھ ہوں گے۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ انہوں نے سیاسی جدوجہد کے دوران ہمیشہ نیوٹرل امپائر کا مطالبہ کیا، حقیقی معنوں میں نیوٹرل امپائر دونوں ٹیموں کے لیے یکساں اصول رکھتا ہے۔
خط میں آرمی چیف سے پنجاب میں آئینی فریم ورک پر عمل درآمد کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی ہے، گورنر پنجاب کے خط میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
بعدازاں انہوں نے اپنا موقف ٹوئٹر پر بھی سوشل میڈیا صارفین کے سامنے رکھا اور لکھا کہ ” اگر آرمی چیف صاحب مجھے صرف ایک صوبیدار اور چار فوج کے جوان ہی مہیا کردیں ، تو میں خود اس غیر آئینی وغیر قانونی جعلساز وزیراعلی کو گرفتار کرواکے جیل میں ڈلواؤں گا انشاءاللہ “۔