داماد کے بعد سسر کی ٹیم نے بھی ٹرافی اپنے نام کر لی
داماد شاہین شاہ آفریدی کی لاہور قلندرز کے بعد شاہد خان آفریدی کی ایشیا لائنز نے بھی ایک ٹرافی اپنے نام کر لی۔قطر میں ہونے والی لیجنڈز لیگ کرکٹ کے فائنل میں ایشیا لائنز نے ورلڈ جائنٹز کو 7 وکٹوں کے شکست دیکر دوسری لیجنڈز لیگ کرکٹ اپنے نام کر لی۔
ورلڈ جائنٹز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے جو شاہد آفریدی کی ایشیا لائنز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورے کر لیے۔دوسری جانب لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے مسلسل دوسری بار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) ٹائٹل جیتنے کی خوشی میں پوری ٹیم پر انعامات کی بارش کر دی۔ہفتے کے روز پی ایس ایل کے فائنل میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دی تھی
اور مسلسل دوسری بار ٹرافی اپنے نام کی تھی۔لاہور قلندرز کی جیت میں ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اہم کردار ادا کیا تھا، انہوں نے پہلے بیٹنگ میں 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پھر بالنگ میں 4 کھلاڑیوں کو آٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔جیت کی خوشی میں لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے ٹرافی جیتنے پر تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف سمیت ڈگ آٹ میں بیٹھے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں مسلسل دوسری بار ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کیا ہے
۔لاہور قلندرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک طویل ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جس میں ثمین رانا کی جانب سے فائنل اور پورے ٹورنامنٹ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا گیا۔ثمین رانا نے شاہین شاہ آفریدی کے لیے میچ میں بہترین پرفارمنس پر قلندرز سٹی میں ایک کنال پلاٹ اور پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کپتانی کے لیے قلندرز سٹی میں بنگلے کا اعلان کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے لوگوں کے لیے بھی قلندرز سٹی میں پلاٹس کا اعلان کیا جس پر تمام کھلاڑیوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا۔