نبی کریم ؐ اور حاتم طائی کی بیٹی کی ملاقات کی حیران کن اور سچی داستان
لاہور (ویب ڈیسک) نامور کالم نگار محمد عامر خاکوانی اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔ عربوں میں سخاوت اور شاعری دونوں بڑے وصف سمجھے جاتے تھے ۔ عربوں میں مثل تھی کہ حاتم سے بڑھ کر سخی کوئی نہیں۔ حاتم قبیلہ طے یا طی سے تعلق رکھتا تھا، اسی مناسبت سے طائی کہلایا۔
حاتم کا زمانہ آپ ﷺ کے اعلان نبوت سے پہلے کا ہے۔ روایت ہے کہ حاتم کی ایک بیٹی سفّانہ ایک جنگ میں گرفتار ہو کر سرکار ﷺ کی خدمت میں لائی گئی ۔اس نے التجا کرتے ہوئے کہا ،’’میرا باپ اپنی قوم کا سردار تھا، قیدیوں کو چھڑایا کرتا تھا، جن امور کی حفاظت اس کے ذمے ہوتی، ان کی حفاظت کیا کرتا تھا۔ مصیبت زدوں کی مصیبت کو دور کرتا، کھانا کھلایا کرتا، امن وسلامتی کو رواج دیتا تھا۔ کوئی حاجت مند ایسا نہ تھا جو اس کے پاس آیا ہو اور حاتم نے اس کی حاجت روائی نہ کی ہو، میں اسی کی بیٹی ہوں۔‘‘ یہ سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ، لڑکی یہ تو مومن کی صفات ہیں، تمہارا باپ اگر عہد اسلامی میں ہوتا تو ہم اس کے لئے رحمت کی دعا کرتے ۔ پھر آپ نے حکم دیا کہ اسے رہاکر دیا جائے کیونکہ اس کا باپ مکارم اخلاق سے محبت کرتا تھا۔ حاتم کے بارے میںالاعرابی نے کہاہے،’’ حاتم سخی تھا، اس کی سخاوت اس کے شعروں کے ساتھ پوری پوری مطابقت رکھتی ہے، اس کا فعل اس کے قول کی تصدیق کرتا ، جہاں کہیں اترتا اس کی قیام گاہ لوگوں میں معروف ہوتی۔ ہمیشہ ظفر یاب رہا، جب بھی لڑا غالب آیا۔ جب بھی غنیمت کا مال حاصل کیا تو لٹا دیا، جب کسی کو گرفتار کیا تو رہا کر دیا۔ اس نے قسم کھائی تھی کہ کسی ماں کے اکلوتے بیٹے کو زندگی سے محروم نہیں کرے گا۔رجب کا چانددیکھنے کے بعد
وہ ہر روز دس اونٹ ذبح کرتا اور لوگوں کو کھلا دیتا۔ چناچہ لوگ اس کے پاس آ کر جمع ہوجاتے ۔ ‘‘ حاتم کے بہت سے قصے آج تک مشہور ہیں، ان میں سے بعض تو ناقابل یقین ہیں۔ کہتے ہیں کہ ایک بار وہ کسی کام کے لئے محرم کے مہینے میں روانہ ہوا۔ جب قبیلہ عنزہ کے علاقے میں پہنچا تو ان کے ایک قیدی نے اسے پکار کر کہا، اے ابو سفّانہ ،مجھے باندھنے کی رسیوں اور جوئوں نے کھا لیا ہے، مجھے بچائو۔( یاد رہے کہ اس زمانے میں قیدی کی گردن میں تازہ ذبح کئے جانور کی کھال کا طوق بنا کر ڈال دیتے تھے۔ جب وہ خشک ہوجاتا تو سخت تکلیف دیتا جبکہ کچی کھال کی وجہ سے اس میں جوئیں اور کیڑے بھی پڑ جاتے تھے۔) حاتم نے بھنا کر کہا ،تمہارا خانہ خراب ہو، میں اپنی قوم کے علاقے میں نہیں ہوں، اس وقت میرے پاس کچھ بھی نہیں۔ تم نے میرے نام کی تشہیر کر کے میرے ساتھ زیادتی کی ہے، مگر اب میں تمہیں چھوڑ کر بھی نہیں جا سکتا۔ اس کے بعد اس نے قبیلہ عنزہ والوں سے بھائو تائو کر کے قیدی کو خریدا اور رہا کرایا، اس کے پاس مگر دینے کو پیسے نہیں تھے، اس نے خود کو اسی قبیلے کے پاس رہن رکھوایا اور اپنے گھر سے پیسے منگوائے ، جب پیسے آئے تو وہ آزاد ہو کر اپنے کام سے آگے بڑھا۔ حاتم کی بیوی ماویہ جو اس کی سخاوت سے تنگ بھی رہتی تھی،
اس نے ایک واقعہ بیان کیا کہ ایک بار سخت قحط سالی تھی، اونت اور مویشی برباد ہوگئے، ایک رات ہم نے شدید بھوک میں گزاری، ہمارا بیٹا عدی اور بیٹی سفانہ بھوکے سوئے ، حاتم مجھے باتیں کر کے بہلاتا رہا تاکہ میں بھی سو جائوں ۔ سب سونے والے تھے کہ خیمے کے باہر کسی عورت کی آواز آئی، حاتم نے اٹھ کر دیکھا تو ایک عورت تھی جوکہہ رہی تھی، اے ابو سفانہ میں تمہارے پاس بھوکے بچوں کی طرف سے آئی ہوں۔ حاتم نے کہا اپنے بچوں کو لے کر آ، اللہ کی قسم میں ضرو ان کے پیٹ بھروں گا۔ حاتم کی بیوی ماویہ اٹھ گئی، خاوند سے پوچھا کہ کوئی مویشی نہیں ہے، ہمارے بچے بھی بھوکے سوئے ہیں ۔ حاتم اٹھا اور اپنا عزیز گھوڑا ذبح کر دیا۔ پھر آگ جلائی ، گوشت کے ٹکڑے کئے ا ور اس عورت کو کہا کہ بھونتی جا، خود بھی کھا اور بچوں کو بھی کھلا۔پھر مجھے کہا کہ بچوں کو اٹھا۔ پھر حاتم کہنے لگا کہ یہ تو کمینہ پن ہے کہ تم تو گوشت کھائو اور ڈیرے والے جو بھوکے پڑے ہیں وہ ایسے رہیں۔ وہ ہر ایک کے گھر گیا اور انہیں بلا لایا۔
سب نے اکھٹے ہو کر کھایا، مگر وہ کمبل اوڑھ کر ایک طرف بیٹھا رہا، حتیٰ کہ گھوڑے کے گوشت میں سے کچھ نہ بچا، حاتم بھوکا ہی رہا۔ حاتم کے دیوان میں بہت سے اشعار سخاوت کے حوالے سے ہیں۔ اپنی بیوی کو مخاطب کر کے کہتا ہے ـ :ـ جب تو کھانا تیار کرے تو ساتھ کھانے والا بھی تلاش کر کیونکہ جانتی ہے میں کھانا کبھی اکیلا نہیں کھا سکتا جب تک کوئی مہمان میرے ہاں مقیم رہے، میں اس کا غلام رہتا ہوں اس ایک خصلت کے سوا مجھ میں غلاموں کی سی اور خصلت نہیں ہے ایک اور جگہ لکھتا ہے ـ : سخی آدمی اپنے عیال او ر مہمانوں کو جب تک اسکا مال موجود ہو کبھی مصیبت اور تنگی کی حالت میں نہیں رکھ سکتا جب تو ہنڈیا پکائے تو اسے چھپا کر نہ رکھ ، اگر ایسا کیا تو جو کچھ تو نے پکایا ہوگا، وہ مجھ پر حرام کی طرح ہوگا جب آگ جلانا تو ٹیلے پر پڑی ہوئی موٹی لکڑیاں جلانا چھوٹی لکڑیاں جلد بجھ جاتی ہیں، کھانا زیادہ نہیں پکے گا