in

صف اول کے پاکستانی صحافی ، تجزیہ کار اور کالم نگار نے عمران خان کی حمایت کرنے پر معافی مانگ لی

صف اول کے پاکستانی صحافی ، تجزیہ کار اور کالم نگار نے عمران خان کی حمایت کرنے پر معافی مانگ لی

لاہور (ویب ڈیسک) نامور کالم نگار محمد عامر خاکوانی اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔ کہنا صرف اتنا تھا کہ ہم نے پچھلے دس پندرہ سال عمران خان کی حمایت کی، اس سے توقع لگائی، یہ امید تھی کہ وہ تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل درآمد کرے گا۔ افسوس کہ ہم غلط نکلے۔

ہمارا تجزیہ خام، معلومات باطل اور رائے غلط نکلی۔ عمران خان صاحب کے بارے میں جیسی ہمارے رائے تھی، جو ہم سوچتے تھے، وقت نے اسے غلط ثابت کر دیا۔ دانا کہتے ہیں کہ کسی کو آزمانا ہو تو جب وہ کسی منصب پر پہنچے، تب اسے دیکھو۔ عمران خان طویل عرصہ ناکام سیاستدان کے طور پر خوار ہوتے رہے۔ دو ہزار گیارہ میں انہیں عوامی مقبولیت نصیب ہوئی، تیس اکتوبر کے تاریخی جلسے نے انہیں عوامی لیڈر بنایا۔2013ء کے انتخابات میں ان کی پارٹی نے ستر لاکھ ووٹ لئے ، ایک صوبے میں حکومت اور باقی تینوں سمیت وفاق میں اپوزیشن ملی۔ پچھلے عام انتخابات میں وہ جیتے اور وزیراعظم بنے۔انہیں تین سال سے زائد عرصہ ہوگیا ہے۔ کسی بھی لیڈر کوجانچنے کے لئے یہ کم عرصہ نہیں۔ ہر لیڈر کی ترجیحات کا ابتدائی چار چھ ماہ میں اندازہ ہوجاتا ہے۔ سال ڈیڑھ کے بعد واضح ہوجاتا ہے کہ وہ اپنی غلطیوں سے کتنا سیکھ رہا ہے؟ عمران خان اب وزیراعظم ہیں ، تین سالہ اقتدار وہ گزار چکے ہیں، ان کی طرز حکومت، گورننس اور قائدانہ صلاحیتیں پوری طرح ایکسپوز ہوچکی ہیں۔ ان کے میرٹ، ڈی میرٹ بھی سب کے سامنے ہیں۔ اب کچھ ڈھکا چھپا نہیں رہا۔ رائے قائم کرنا، پہلے سے بنائی گئی کسی رائے میں ترمیم یا اسے بدلنا بھی آسان ہوگیا ہے۔ میرے جیسے لوگوں کے لئے ، جن کے دامن میںسوائے دیانت داری کے دعوے کے کچھ نہیں،جن کے غیر معمولی تعلقات نہیں کہ خبر اڑ کر پہنچ جائے،نہ ایسی مومنانہ فراست کہ مستقبل کے بارے میں درست آگہی ہوجائے۔

ہم نے دیانت داری سے یہ رائے بنائی تھی کہ عمران خان کو موقعہ ملنا چاہیے ، ان کے پاس تبدیلی لانے کا ایجنڈا ہے، وہ ریفارمز کے حامی ہیں اور اس سسٹم میں بامقصد ، ٹھوس تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ ہمیں لگتا تھا کہ عمران خان جاگیردار ہے نہ صنعت کار طبقے کا حصہ ، کسی بڑے طاقتور مافیا سے اس کے مفادات منسلک نہیں۔ وہ اقتدار میں آنے سے پہلے ہی غیر معمولی عوامی شہرت اور عزت پا چکا ہے، زر سمیٹنا اور وسائل جمع کرنا بھی اس کی ترجیح نہیں۔ ایسا شخص سسٹم بدل سکتا ہے، سافٹ ریوولوشن لا سکتا ہے۔ ہماری یہ سوچ اور رائے غلط نکلی۔ مجھے ذاتی طور پر عمران خان کی طرز سیاست سے اختلاف تھا، جس انداز میں انہوں نے اسلام آباد کئی ماہ تک دھرنا دیا وہ غلط تھا۔اس دھرنے میں جو غیر محتاط ، جارحانہ زبان بولی، جوش میں آ کر بجلی کے بل پھاڑے اور سول نافرمانی کی اپیل تک کر ڈالی ، یہ سب نامناسب تھا۔ ان کے مخالف رہنمائوں پر تند وتیز اٹیکس ، گاہے عامیانہ جگت بازی وغیرہ سب قابل تنقید تھا۔ ان امور پر تب بھی تنقید ی کالم لکھے۔ عمران خان کے دھرنوں کی کھل کر مخالفت کی تھی۔ یہ حسن ظن البتہ تھا کہ خان صاحب بطور اپوزیشن لیڈرجذباتی ہو کر احتجاجی سیاست کر رہے ہیں ۔اقتدار میں آ کر رویہ اور طریقہ بدل جائے گا۔ ان کے کنٹینر پر جولوگ ایستادہ نظر آتے ، وہ ناقابل رشک گروہ تھا۔ یہ امید پھر بھی تھی کہ اقتدار میں آنے کے بعد بہترین پروفیشنلز کی

خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ رائٹ پرسن ایٹ رائٹ جاب والا فارمولا خان صاحب بار بار ذکر کرتے تھے ۔ ہمیں توقع تھی کہ اس کا عملی مظاہر ہ ہوگا۔ملک بھر سے چند ایک دیانت دار اہل مشیر ڈھونڈنا کون سا مشکل کام ہے؟افسوس خان صاحب نے اسے ناممکن ٹاسک بنا دیا۔ پیگی نون معروف امریکی مصنفہ ہیں، انہوں نے صدر ریگن پر ایک کتاب لکھی، جس میں ایک دلچسپ ٹکڑا لکھا۔ وہ کہتی ہیں:’’ صدر (حکمران) میں کیریکٹر ہی سب سے اہم چیز ہے۔اسے جینیس ہونے یا چالاک ہونے کی ضرورت نہیں، وہ چالاک ترین لوگ مشیر رکھ سکتا ہے۔ آپ عملیت پسند ہوشیار لوگ،پالیسی سازوں کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں، مگر جرات، شائستگی نہیں خریدی جا سکتی، آپ اخلاقی اقدار کرایے پر نہیں لے سکتے۔ حکمران کو یہ چیزیں اپنے ساتھ لازمی لانی چاہئیں۔ اس کے سامنے مستقبل کا ایسا ویژن ہو جو وہ تخلیق کرنا چاہتا ہے۔یہ ویژن مگر حقیر ہوجاتا ہے ، اگرحکمران وہ کیریکٹر نہیں رکھتا، وہ جرات اور دل جس سے وہ ڈیلیور کر دکھائے۔ ‘‘ افسوس وزیراعظم عمران خان اپنے ساتھ سب کچھ وزیراعظم ہائوس لے آئے، اس خواب کو عملی جامہ پہنانے کا حوصلہ ، عزم اور ارادہ ان کے پاس نہیں تھا، جو انہوں نے اپنے ووٹروں کو دکھایا۔ ایسے میں وقت اہم نہیں رہتا۔ تین سال گزرے ہیں ، دو مزید گزر جائیں گے۔ اگلی مدت مل جائے تو وہ بھی آخر ہوا میں تحلیل ہوجائے گی۔ لیڈر کوملک میں تبدیلی لانے کے لئے کبھی خود کو بدلنا پڑتا ہے۔ ایسا نہ کر پائے تو سب کاوش ہیچ ہے، بیکار، بے فائدہ ، لاحاصل۔ افسوس کہ ہم غلط تھے۔ وقت کے سفر نے ہمیں غلط ثابت کیا۔ افسوس، صد افسوس۔

Written by admin

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

ڈاکٹر نے پھر کیا مشورہ دیا اور خاتون نے کیا جواب دیا ؟

عمر شریف کے موت سے قبل آخری لمحات میں کیا ہوا؟ طبیعت اچانک کیسے بگڑ گئی؟ پہلابیان آگیا