ن لیگ نے روپیہ کو کس طرح مضبوط رکھنے کی کوشش کی ؟ تہلکہ خیز انکشاف سامنے آگیا
پی ٹی آئی کے رہنما شوکت ترین نے کہا کہ ک ورونا کے دوران عمران خان نے لیڈر شپ دکھائی، ن لیگ نے روپے کو مضبوط رکھنے کی مصنوعی کوشش کی۔ اپنے ایک بیان میں سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈالر ملنے سے ہماری گروتھ ہوتی تھی، سعودی عرب گئے تو پیسوں کیبات کرنے پر عمران خان کو تکلیف محسوس ہو رہی تھی،
کووڈ میں عمران خان نے کہا اگر میں مکمل لاک ڈاؤن کروں گا تو دیہاڑی دار کا کیا بنے گا۔ شوکت ترین نے مزید کہا کہ میں نے آئی ایم ایف سے آسان پروگرام لیا، آئی ایم ایف کے ساتھ جب ہم سیاسی طور پر اچھے ہوتے ہیں تو ہمیں آسان پروگرام مل جاتا ہے، عمران خان صاحب کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔ دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے والوں نے آج وائٹ پیپر جاری کیا ہے، کوئی وائٹ پیپر آپ کے کالے کرتوت سفید نہیں کر سکتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور معیشت کو تباہ کرنے والوں نے آج وائٹ پیپر جاری کر دیا ہے، کالے ذہن، کالے کرتوت اور کالا جادو کرنے والے مسٹر اینڈ مسز نے ملک کو معاشی دیوالیہ ہونے کی نہج پر پہنچایا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ انہیں وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے شرم تک نہیں آئی، 2013ء سے 2018ء تک پاکستان معاشی طور پر ترقی کر رہا تھا، ان لوگوں نے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کو اجاڑ کر رکھ دیا، ملک میں مہنگائی کی شرح تاریخ میں کم ترین سطح پر تھی، انہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، وائٹ پیپر میں انہیں عوام سے معافی مانگنی چاہئے تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 2013ء سے 2018ء تک کا وائٹ پیپر پاکستان کے عوام کو دینا چاہئے تھا کہ پی ٹی آئی کو کس طرح کا ملک ملا تھا، کوئی وائٹ پیپر ان کی دی ہوئی معاشی تباہی کو سفید نہیں کر سکتا، کوئی وائٹ پیپر ان کی کرپشن، چوری اور معاشی تباہی کو سفید نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت 2018ء میں 6.1 فیصد پر ترقی کرتا ہوا ملک چھوڑ کر گئی تھی، ملک میں سی پیک کے منصوبے کامیابی سے چل رہے تھے، 14 ہزار میگاواٹ بجلی انہیں بنا کر دے کر گئے تھے، مہنگائی کیشرح 3.8 فیصد تھی، دہشت گردی کی کمر توڑ کر پاکستان کو پرامن، خوشحال اور ترقی کرتا ہوا ملک چھوڑ کر گئے تھے، تمام عالمی جریدے پاکستان کی معیشت کو بہتر قرار دے رہے تھے۔