پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ! حکومت نے ایکساتھ کتنے قوانین منظور کرانے کا فیصلہ کر لیا؟ بڑی خبر
اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت نے 20 سے زائد قوانین منظور کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی قانونی ٹیم نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش ہونے والے بلز پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس ملاقات کے بعد سینیٹرعلی ظفر نے میڈیا کو بتایا کہ کوشش کریں
گے بحث کروا کے اتفاق رائے سے بل منظور کروائیں۔انہوں نے کہا کہ بہت سے بلز پہلے ہی قائمہ کمیٹیوں سے منظور ہو چکے ہیں۔ کوشش کریں گے ایک ہی دن میں قانونی سازی نمٹا دیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کا 11 نومبر کو ہونے والا مشترکہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا تھا جس کے بعد اب پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل یعنی بدھ 17 نومبر کو طلب کیا گیا ہے ۔پارلیمنٹ کے کل ہونے والی مشترکہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے ای وی ایم کے استعمال اور اوور سیز پاکستانیوں کے ووٹ سمیت انتخابی اصلاحات کے بلز پیش کیے جائیں گے۔11 نومبر کو ہونے والا اجلاس مبینہ طور پر اتحادیوں کے تحفظات اور حکومتی جماعت کے ارکان کی غیر حاضری کے خدشے کے پیش نظر مؤخر کیا گیا تھا۔
تاہم گذشتہ روز وفاقی حکومت نے تمام اتحادیوں کے تحفظات دور کر دئے تھے۔ دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے بھی ای وی ایم بل پر وفاقی حکومت کی حمایت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے انفارمین ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ ای وی ایم بل پر وفاقی حکومت کی حمایت کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔دوسری جانب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے قبل ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں بھی رابطے ہو رہے ہیں۔ اپوزیشن نے مشترکہ اجلاس کے معاملے پر مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کا اہم مشاورتی اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔