محمد آصف کی ویرات کوہلی سے متعلق کونسی پیشگوئی سچ ثابت ہوگئی؟
لاہور: (ویب ڈیسک) سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی دو سال سے زیادہ عرصے سے مشکل حالات سے گزر رہے ہیں اور اب انہوں نے بھارت کے لیے ایک سنچری بنائے بغیر سو میچ کھیلے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق تیز گیند باز محمد آصف نے 2021 میں کوہلی کی واپسی کی پیشنگوئی کی تھی۔
کوہلی 2012 سے عالمی کرکٹ پر راج کر رہے ہیں اور رنز کے انبار لگا چکے ہیں، اپنے کیریئر میں بہت جلد اپنے آپ کو جدید دور کے عظیم کے طور پر قائم کیا، کوہلی کا موازنہ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر سے کیا جاتا ہے
تاہم آصف کا خیال ہے کہ کوہلی ٹنڈولکر سے بہت پیچھے ہیں۔ محمد آصف نے 2021 میں اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کوہلی نیچے ہاتھ کا کھلاڑی ہے وہ اپنی فٹنس کی وجہ سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور یہ اسے سپورٹ کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس لمحے اسے زوال کا سامنا کرنا پڑے گا، مجھے نہیں لگتا کہ کوہلی واپسی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کوہلی ٹنڈولکر سے بہتر ہے لیکن میں نہیں کہتا ویرات سچن کے قریب بھی نہیں آتے۔
محمد آصف نے مزید کہا کہ سچن نے جس طرح سے کھیلا وہ سب سے اوپر تھا اور بہت کم لوگ اس تکنیک کے بارے میں جانتے ہیں، چاہے وہ کوچز ہوں یا کوئی ایک کھلاڑی سچن اپنی کور ڈرائیوز، ڈرائیو پلس اور کٹس کے ساتھ بہت روانی سے کام لیتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کوہلی کے اسٹروک بھی ہیں۔واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا
تاہم بعد میں ان سے ون ڈے اور ٹیسٹ کپتانی بھی چھین لی گئی۔ ویرات کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن میں 7 اننگز میں 19.83 کی اوسط سے صرف 119 رنز بنائے۔