شادی کو 75 سال ہوگئے، بیٹا بھی انتقال کر گیا، نانا نانی آج بھی ساتھ ہیں ۔۔ نواسی نے اپنے نانا نانی کی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کر دی
کامیاب شادی وہی ہے جس میں ایک دوسرے پر اعتماد بھی ہو، اعتبار بھی ہو۔ ایک دوسرے پر آنکھ بند کرکے یقین کرلیں۔ شکوک و شبہات نہ رہیں۔ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لیں۔ ہر تکلیف ایک دوسرے کے ساتھ ہنس کر سہہ لیں۔
تلخیوں کو دل سے نہ لگائیں بلکہ ایک دوسرے کی قدر کریں۔ شادی کے بعد جوں جوں وقت گزرتا رہتا ہے میاں بیوی کی آپس میں محبت بھی بڑھتی جاتی ہے اور ایک دوسرے کو فوری سمجھ بھی جاتے ہیں۔ ایسی ہی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نانا اور نانی ایک ساتھ چارپائی پر لیٹے ہیں۔
سوشل میڈیا صارف عائشہ عمیر نے اپنے نانا اور نانی کی تصویر شیئر کی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ: میرے نانا اور نانی کی شادی کو 75 سال گزر چکے ہیں۔ پچھلے سال یہ ہمارے گھر شفٹ ہوگئے اور ساتھ ہی رہتے ہیں۔ دونوں کی محبت بھی ایک دوسرے کے لیے بہت زیادہ ہے۔ ایک روز نانا صحن میں چارپائی پر لیٹے ہوئے تھے۔ میں بھی ان کے ساتھ بیٹھی تھی۔ نانا نے کہا کہ اپنی نانی کو بھی بلا لاؤ۔
جب نانی آئیں تو ان سے کہا تم بھی یہاں بیٹھ جاؤ، موسم بھی اچھا ہے۔ جس پر نانی اپنی بیٹی اور بیٹے عدنان کو یاد کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ کاش وہ بھی ہوتے۔ ان دونوں کا کچھ وقت قبل انتقال ہوچکا تھا۔ جس پر نانا نے کہا کہ 4 دن کی زندگی ہے، پھر ہم نے بھی یونہی گزر جانا ہے۔
اس کے بعد دونوں پرانی یادوں میں کھو گئے۔ پھر کچھ ہی دیر بعد دونوں ایک ہی چارپائی پر لیٹ کر سوگئے۔ نانا تکیے پر سر رکھے ہوئے لیٹے ہیں اور نانی تسبیح ہاتھ میں لیے ہوئے سوگئیں۔ ان کی یہ تصویر اور کہانی سوشل میڈیا پر تیزی سے شیئر کی جا رہی ہے۔ سب ہی ان کی محبت کو سراہ رہے ہیں کہ شادی کے 75 سال گزرنے کے بعد بھی ان میں اتنی محبت ہے۔