اچانک بہن کی موت کی خبر ملی تو جیسے پیر کے نیچے سے زمین نکل گئی۔۔ بھائی نے مری ہوئی بہن کے لئے جذباتی خط لکھ کر سب کو جذباتی کردیا
تم ایک بہت رحم دل انسان اور ہماری زندگیوں میں موجود بہت خوش اخلاق انسان تھیں۔ تم نے زندگی کی بہت بڑی بڑی پریشانیاں اپنی آخری سانس تک چہرے پر ایک مسکان کے ساتھ جھیلیں۔
جب میں تمھارے ساتھ اسپتال میں تھا تو تم نے کہا تھا کہ میں اپنا دھیان صرف اپنے کھیل پر لگاؤں۔ تمھارے یہی الفاظ تھے جن کی وجہ سے میں واپس گیا اور کل رات میچ کھیلا“
میچ کے دوران بہن کے انتقال کی خبر ملی
یہ دکھ بھرے الفاظ ہیں بھارتی کرکٹر ہرشل پٹیل کے جن کے اوپر اس وقت قیامت ہی ٹوٹ پڑی جب میچ کے دوران انھیں اپنی بہن کے انتقال کی خبر ملی۔ ہرش اسی وقت آئی پی ایل چھوڑ کر چلے گئے۔ 31 سالہ ہرشل کا تعلق بھارت کی ریاست گجرات سے ہے اور وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ ہرشل کی بڑی بہن کافی عرصے سے بیمار تھیں اور ان کی حالت بہت نازک تھی۔ بالآخر اپنی بیماری سے لڑتے لڑتے ان کا انتقال ہوگیا اور ہرشل نے اپنی بہت پیاری اور خیال رکھنے والی بہن کو ہمیشہ کے لئے کھو دیا۔
صرف ایک دن کے بعد کھیلنے کے لئے واپس آگئے
حیرت انگیز طور پر ہرشل پٹیل ایک دن بعد ہی اپنے کھیل کے لئے واپس ممبئی آگئے جس کی وجہ انھوں نے اپنی بہن کے آخری الفاظ کو قرار دیتے ہوئے لکھا کہ “دیدی تمھارے آخری الفاظ نے ہی مجھے حوصلہ دیا اور میں اپنی زندگی میں واپس آیا۔ میں ہر وہ کام کروں گا جس سے تم کو مجھ پر فخر ہو۔ میں تم سے بہت پیار کرتا ہوں اور ہمیشہ کرتا رہوں گا“
میچ کھیلتے ہوئے ہر انداز میں دکھ واضح تھا
بے شک بہن بھائی کی محبت ایک پرخلوص جذبہ ہے اور اگر کوئی ناگہانی آفت انھیں ایک دوسرے سے جدا کردے تو یہ غم آسانی سے بھولنے والا نہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بہن کی موت کے بعد واپس میچ کھیلنے کے لئے آنے والے ہرشل کے ہر انداز سے ان کا دکھ جھلک رہا تھا۔