محسن بیگ کیس، حکومت نے جج کو “سزا” دینے کی تیاری کرلی
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) خیال رہے کہ گزشتہ روز فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے وفاقی وزیر مراد سعید کی درخواست پر محسن بیگ کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کیا تھا۔ محسن بیگ کو بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج کے سامنے پیش کیا گیا جنہوں نے ان کے گھر پر چھاپے کو غیر قانونی قرار دیا۔
اور کارروائی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ وفاقی حکومت نے سینئر صحافی محسن بیگ کے گھر پر چھاپے کو غیر قانونی قرار دینے والے ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
محسن بیگ کے کیس کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللہ نیازی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ کوئی شخص قانون سے بالا تر نہیں ہے، وہ آئین اور قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے۔ محسن بیگ نے ادارے کے اہلکاروں سے زیادتی کی، ایڈیشنل سیشن جج نےاپنے مینڈیٹ سے تجاوز کیا
کیونکہ جب بندہ آپ کے سامنے آ گیا تو آپ کا مینڈیٹ ختم ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ کیس کی سماعت کے دوران جج نے متعصبانہ آبزرویشنز دیں۔ ان کے خلاف انتظامی طور پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دیں گے، چیف جسٹس سے ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف کارروائی کی درخواست کریں گے، یہ شکایت ریفرنس ہو گی
جس پر فیصلہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کریں گے۔ دوسری جانب سینئر صحافی نجم سیٹھی نے دعویٰ کیاہے کہ حکومت نے لسٹیں بنا لی ہیں
اور جو بھی صحافی حکومت کے خلا ف تنقید میں سرگرم ہیں انہیں گرفتار کیا جائے گا اور سبق سکھایاجائے گا ۔