بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی۔۔۔ایک شخص حقیقت میں پورے پاکستان کو افسردہ کر گیا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان کی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کے اختتام نے پورے پاکستان کو رلا دیا،
لوگ دانش کی موت پر نہایت غمگین ہوگئے۔اے آر وائی ڈیجیٹل کا ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو، جو پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کا تاریخ ساز ڈرامہ ثابت ہوا۔
ڈرامے کا اختتام مرکزی کردار دانش (ہمایوں سعید) کی موت پر ہوا جس نے تمام مداحوں کو سوگوار کردیا۔ڈرامہ شائقین کی ہمدردیاں پہلے دن سے دانش کے ساتھ تھیں
جس کی بیوی مہوش (عائزہ خان) دولت کے لیے اسے چھوڑ کر چلی جاتی ہے اور وہ بے وفائی کے کرب اور دکھ سے گزرتا رہتا ہے۔ڈرامے میں دانش کے بیٹے رومی کی ٹیچر ہانیہ (حرا مانی) کی آمد سے نیا موڑ آیا
اور امید کی جانے لگی کہ دانش اب ہانیہ سے شادی کرلے گا، تاہم ڈرامے کا اختتام نہایت غیر متوقع ہوا اور دانش مہوش سے ایک جذباتی اور دردناک مکالمے کے بعد بالآخر جان سے گزر گیا۔
ڈرامہ شروع ہوتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور اگلے ایک گھنٹے کے اندر تمام سوشل میڈیا سائٹس سے تمام موضوعات غائب ہوگئے اور صرف ڈرامے سے متعلق ٹرینڈز چھائے رہے۔
دانش کی موت پر ڈرامہ شائقین نے مختلف انداز میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ایک صارف نے دانش اور مہوش کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفا کرنے والے مر کر بھی ہمیشہ زندہ رہتے ہیں،
اور بے وفائی کرنے والے زندہ رہ کر بھی روزانہ مرتے ہیں۔ایک صارف نے مشہور شعر میں تبدیلی کرتے ہوئے لکھا کہ بچھڑا کچھ اس ادا سے کہ رت ہی بدل گئی۔