سرفراز احمد سے کہی گئی بات آج حقیقت بن گئی
قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد سے ماضی میں کہی گئی ایک پیش گوئی آج حقیقت بن گئی۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 4 پاکستانی کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا جس میں سعود شکیل بھی شامل ہیں۔
راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں سرفراز احمد نے سعود شکیل کو ٹیسٹ کیپ دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو مبارک ہو، 12 سال پہلے میں نے ایک چھوٹا سا بچہ دیکھا تھا اور مجھے کہا گیا تھا کہ اس بچےکو دیکھ لو یہ پاکستان سے کھیلے گا۔
سرفراز احمد نے سعود شکیل سے کہا کہ میری آپ کے لیے دعا ہے کہ آپ پاکستان کے لیے خوب اچھا اچھا کھیلو، آپ میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہو۔
اس موقع پر ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے تالیاں بجا کر سعود شکیل کا اعتماد بڑھایا۔ ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے کے بعد سعود شکیل نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے اس وقت کے لیے میں نے کافی انتظار کیا۔
سعود شکیل نے کہا کہ کافی وقت سے ٹیم کے ساتھ تھا، جو میرے ہاتھ میں تھا وہ کررہا تھا، الحمدللّٰہ آج ٹیسٹ میچ کھیل رہا ہوں،ثقلین مشتاق نے رات میں ڈیبیو کے حوالے سےبتادیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے آج محمد علی، زاہد محمود، حارث رؤف اور سعود شکیل کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔
نائب کپتان محمد رضوان نے زاہد محمود کو جبکہ سرفراز احمد نے سعود شکیل کو ٹیسٹ کیپ دی۔
بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے محمد علی کو اور کپتان بابر اعظم نے حارث رؤف کو ٹیسٹ کیپ پیش کی۔