پاکستانی لڑکی چینی لڑکا۔۔ شادی کیسے ہوئی؟ نوشابہ اور نومسلم یونس کی محبت کی ان سنی کہانی
آج ہمارے ساتھ ایک ایسا جوڑا موجود ہیں جس میں میاں کا تعلق چین اور بیوی کا تعلق پاکستان ہے۔ یہ چینی نوجوان اسلام قبول کرچکے ہیں ان کا نیا نام یونس ہے، یہ بہت اچھی اردو بولتے ہیں۔ اسلام قبول کرنے کے بعد ان کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی اور پاکستان چین کے مقابلے میں کیسا لگا، انہی سے جانتے ہیں۔
سوال: آپ نے اتنی اچھی اردو کہاں سے سیکھی اور تعلیم کہاں سے حاصل کی؟
یونس: میں نے کراچی سے تعلیم حاصل کی اور اے لیول کے بعد بیرون ملک سے تعلیم مکمل کی۔
سوال: آپ نے اسلام کب قبول کیا اور کیا تبدیلی محسوس کرتے ہیں؟
یونس: میں نے 2019 میں اسلام قبول کیا، مذہب تبدیلی کے بعد بہت اچھا محسوس ہورہا ہے، پہلے میں لادین تھا اب زندگی کا ایک مقصد ہے، اب پتا ہے کہ آخر میں کہاں جانا اور جواب دینا ہے-
سوال: پاکستان اور چین میں کام کرنے میں کیا فرق ہے؟
یونس: چین میں زندگی بہت مشکل ہے، کام کے اوقات بہت طویل ہیں، پاکستان میں بہت سکون والا ماحول ہے، یہاں اوور ٹائم نہیں یہاں عیاشی ہے۔
سوال: نوشابہ سے کیسے ملاقات ہوئی؟
یونس: پاکستان میں جس کمپنی میں کام کرتا تھا وہیں نوشابہ سے ملاقات ہوئی، ہم دونوں نے اپنے نمبر تبدیل کئے، کچھ وقت تک بات چیت کے بعد میں نے ان کے گھر رشتہ بھیجا۔
سوال: کیا نوشابہ سے پہلی نظر والی محبت ہوگئی تھی؟
یونس: پہلی نظر میں تو نہیں لیکن کچھ وقت کے بعد نوشابہ سے محبت ہوگئی، بات چیت کرنے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ یہی ہیں وہ جن کی مجھے تلاش تھی۔
سوال: کیا پہلی ملاقات کے بعد ایسا لگا کہ یہ نہ ملی تو شائد زندگی ختم ہوجائے گی؟
یونس: ایک ملاقات کا کہہ سکتے ہیں لیکن اتفاق کی بات ہے کہ ہماری ملاقات نہیں ہوئی، ہم نے فون پر ہی ایک دوسرے سے بات چیت کی۔
سوال: کیا آپ اپنی شادی سے مطمئن ہیں؟
یونس: جی ہاں! میں اپنی شادی سے بہت خوش اور مطمئن ہوں۔
سوال: پاکستان کے لوگ اور یہاں کے کھانے کیسے لگے؟
یونس: یہاں کے لوگ بہت اچھے اور ملنسار ہیں، پاکستان میں مجھے کوئی چینی ملے تو وہ لاتعلقی سے آگے بڑھ جاتا ہے، پاکستانی جب دوسرے ممالک میں کہیں ٹکرائیں تو وہ پردیس میں اچھے دوست بن جاتے ہیں۔
سوال: آپ کو یونس کیسے لگے؟
نوشابہ: کبھی سوچا نہیں تھا کہ کسی غیر ملکی سے شادی ہوگی، شادی سے پہلے ایک انجانا خوف تھا کہ پتا نہیں زندگی کیسے گزرے گی، شادی کے بعد بالکل نارمل لگتا ہے، بالکل بھی نہیں لگتا کہ یہ چین سے تعلق رکھتے ہیں۔ مجھے تو ایک نارمل پاکستانی ہی لگتے ہیں، پہلی ملاقات میں زیادہ توجہ ہیں دی صرف نمبر تبدیل کئے، ملاقات کے بعد میں تو ان کی شکل بھی بھول گئی تھی، بات چیت کرنے کے بعد اندازہ ہوا کہ یہ اچھے انسان ہیں۔
سوال: چینی نوجوان سے شادی کے حوالے سے پہلے کس کو بتایا، ان کا ردعمل کیا تھا؟
نوشابہ: میں نے اپنے والدین کو بتایا کہ میں یونس سے شادی کرنا چاہتی ہوں، ایک غیرملکی سے شادی کے حوالے سے والد شروع میں رضا مند نہیں تھے، یونس سے ملاقات کے بعد والدین نے رشتے کیلئے ہاں کردی۔
سوال: شادی کو کتنا عرصہ ہوگیا، بیٹے کا نام کیا رکھا ہے؟
نوشابہ: ہماری شادی کو ڈھائی سال ہوگئے ہیں، بیٹے کا نام صارم رکھا ہے۔
سوال: اردو اور انگریزی کے علاوہ کیا بچے کو چینی زبان بھی سکھا رہے ہیں؟
نوشابہ: اردو اور انگریزی تو یہ اسکول اور ماحول سے سیکھ رہا ہے، گھر میں ہم اپنے بچے سے عام طور پر چینی زبان میں ہی بات کرتے ہیں۔
سوال: آپ کی منگنی کتنا عرصہ رہی اور شادی میں کتنا وقت لگا؟
نوشابہ: ہم دونوں 2018 میں پہلی بار ملے تھے، 2019 میں، میں پاکستان آئی تو ہماری ملاقات نہیں ہو پائی،2020 میں تعلیم مکمل کرکے واپس پاکستان آئی تو انہوں نے رشتے کی بات کی، میں چائنہ میں تھی یہ پاکستان میں تھے تو ملاقات کا امکان کم تھا، الگ الگ ممالک میں رہنے کی وجہ سے زیادہ بات چیت نہیں ہوتی تھی، یونس بہت پیار اور خیال رکھنے والے شوہر ہیں۔
سوال: دو مختلف کلچر کے لوگوں کی شادی کے حوالے سے دوسروں کو کیا پیغام دیں گی؟
نوشابہ: میرا تجربہ بہت اچھا رہا اور مجھے کچھ بھی الگ نہیں لگتا، ہم دونوں کے درمیان کبھی کوئی مسئلہ نہیں ہوتا۔