دنیا کی نظروں میں قبضہ مافیاکہلانے والاتاجی کھوکھر درحقیقت کیسا انسان تھا
اسلام آباد کی معروف شخصیت امتیاز کھوکھر المعرو ف تاجی کھوکھر چند برس قبل انتقال کر چکے ہیں۔ ان کے بھائی
نواز کھوکھر رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں اور ان کا بھی انتقال اپنے بھائی کی وفات کے کچھ ہی عرصے کے بعد ہوا۔نوازکھوکھر
پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور ترجمان بلاول ہائوس مصطفیٰ نواز کھوکھرکے والد ہیں۔ تاجی کھوکھر کا نام سن کر کئی لوگوں کے ذہن میں ایک ایسے شخص کا تصور ابھرتا ہے جس نے طاقت کے بل بوتے
پر لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیا۔ لیکن یہ بات بھی اپنی جگہ ایک حقیقت ہے کہ تاجی کھوکھر کو ایک درددل رکھنے والا انسانیت دوست شخص مانا جاتا ہے۔ اس رپورٹ میں ان کی رحمدلی کا ایسا ہی ایک واقعہ پیش خدمت ہے۔
تاجی کھوکھر ایک مرتبہ بچیوںکے ایک مدرسے میں گئے۔ جہاں بچیوں کو قرآن پاک اوراحادیث کی تعلیم دی جاتی تھی اسی طرح ان کے قیام کا بھی بندو بست تھا۔یہ مدرسہ مخیرافراد کے تعاون سے چل رہا تھا۔
تاجی کھوکھر کے جاتے ہی مدرسے کی کئی بچیاں ان سے ملنے کےلئے وہاں آن پہنچیں۔ کچھ بچیوں نے تاجی کھوکھر کو بتایا کہ مدرسے میں رہتے ہوئے انھوںنے ایک لمبے عرصے سے گوشت نہیں کھایا۔ اگر وہ ایک دن ان کے کھانے کےلئے گوشت کا اہتمام کردیں
تو وہ خوش ہوجائیں گی۔ تاجی کھوکھر نے غریب گھرانوںکی بچیوں کی ایک عام سی خواہش سنی تو ان کی آنکھیں بھر آئیں۔ ان کی آنکھوں سے آنسوئوں کا ایک سیلاب جاری ہوگیا۔
انھوںنے وہیں کھڑے کھڑے اپنے ساتھ موجود لوگوں میں سے ایک شخص کو بیل کا انتظام کرنےکو کہا۔وہ شخص چند ہی لمحوں میں ایک صحت مند بیل وہاں لے آیا۔یوں مدرسے میں زیر تعلیم بچیوں نے ایک لمبے عرصے کے بعد اس روزسیر ہوکرگوشت کھایا۔