’’‘برا وقت آیا تو خان کے لیے جیل بھی جاؤں گا‘‘ شہباز گل کا دو ٹوک اعلان، مریم اور بلاول کو بھی آئینہ دکھا دیا
اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کہتے ہیں کہ میں ایسے مسخروں پر واضح کر دوں کہ واپس جانے کے لئے نہیں آیا، جتنا پیسہ آپ شریفوں کی کرپشن میں مدد کر کے کماتے تھے اس سے زیادہ پیسوں کی نوکری عمران خان پرقربان کی ہے۔تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لیگی رہنما عطا تارڑ کے بیان کے ردعمل کے طور پر دیا، انہوں نے لکھا کہ کچھ سیاسی مسخرے اپنے آپ کو خبروں میں رکھنے کے لئے آئے دن میرے امریکا واپس جانے کی جھوٹی پیشن گوئیاں کرتے رہتے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ میں ایسے مسخروں پر واضح کردوں کہ واپس جانے کے لئے نہیں آیا، جتنا پیسہ آپ شریفوں کی کرپشن میں مدد کرکے کماتے تھے اس سے زیادہ پیسوں کی نوکری عمران خان پرقربان کی ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوص نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹ میں لکھا کہ انشاللہ جب تک ہمت ہے مسخروں اور انکے تماش بینوں کی کرپشن کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا، کپتان نے چاہا تو الیکشن بھی لڑوں گا، کپتان حکومت میں ہو یا اپوزیشن، انشاللہ اپنے کپتان کے ساتھ کھڑا ہوں گا، برا وقت آیا تو خان کے لیے جیل بھی جاؤں گا۔بعد ازاں پھالیہ کے نواحی علاقہ چک مٹھہ میں اوور سیز پاکستانیوں کی طرف سے واٹر فلڑیشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز گل نے ایک بار پھر شریف خاندان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے
کہا کہ نواز شریف کو تو عمران خان کا شکر گزار ہونا چاہیے تھا کہ انہوں نے لندن میں بیٹھے اسکے سارے خاندان کو ووٹ کا حق دیا۔ڈاکٹرشہباز گل نے کہا کہ یہ واحد حکومت ہے جیسے چینلجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے ہر عمل میں اپوزیشن نے رخنہ ڈالنے کی ہمیشہ کوشش کی، عمران نے خان کو ملک کو معاشی دیوالیہ سے نکالنا تھا مگر اپوزیشن حکومت کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف رہی، حکومت معاشی بحران سے آج بھی نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے پوری دنیا میں مہنگائی ہے ہماری کوشش ہے اس مہنگائی کو نیچے لیجکر جائیں۔