قومی ہیرو کی تذلیل برداشت نہیں کر سکتے، وزیراعظم عمران خان کا شعیب اختر اور نعمان نیاز کے معاملے پر بڑا حکم جاری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے شعیب اختر سے بدتمیزی کے معاملے میں سخت کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔ شعیب اختر سے ڈاکٹر نعمان کی بدتمیزی پر وزیراعظم عمران خان برہم ہو گئے۔وزیراعظم عمران خان نے وزارت اطلاعات سے معاملے پر رپورٹ مانگ لی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قومی ہیرو کے ساتھ کی گئی تذلیل
ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے وزارت اطلاعات کو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔جبکہ سرکاری ٹی وی پر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان تلخ کلامی کے معاملے پر نعمان نیاز کو فوری طور پر آف ایئر کرنے کی سفارش کے بعد پروگرام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ایم ڈی پی ٹی وی کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں شعیب اختر سے پیش آنے والے واقعے کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں پروگرام کی آن ایئر ریکارڈنگ کا بھی جائزہ لیا گیا ۔تحقیقاتی کمیٹی نے معاملے پرسابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کو بلانے کا فیصلہ جبکہ فوری طور پر نعمان نیاز کو آف ایئر کرتے ہوئے تحقیقات مکمل ہونے تک پروگرام کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سرکاری ٹی وی پر ٹی 20 ورلڈ کپ کے لائیو شو میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر شعیب اختر اور میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز میں جھگڑا ہوگیا تھا جس کے بعد شعیب اختر اٹھ کر چلے گئے تھے۔شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز میں تلخ کلامی کے وقت ویو رچرڈز ،ڈیوڈگاور،عمر گل،راشد لطیف،اظہر محمود اور ثنا میر بھی موجود تھے۔ شو کے میزبان نے اس وقت بریک لے لی۔ بریک
کے بعد شعیب اختر واپس شومیں موجود تھے اور دونوں نے اس واقعہ کو مذاق قرار دیا۔ لیکن شعیب اختر نے بعد میں لائیو شو کے دوران ہی استعفیٰ دے دیا اور اٹھ کر چلے گئے تھے۔شعیب اختر اور نعمان نیاز کی ناراضی کے ویڈیو کلپ پر سوشل میڈیا صارفین نے حیرانی اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ لائیو شو میں لیجنڈ پلیئرز یا کسی بھی مہمان کے ساتھ ایسا رویہ نا مناسب ہے۔ سوشل میڈیا پر کلپ وائرل ہونے کے بعد شعیب اختر نے بھی لائیو شو کے واقعہ پر اپنا ردعمل دیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ مجھے لائیو شو میں چلے جانے کو کہہ دیا گیا۔مجھے سمجھ نہیں آیا کہ ڈاکٹر نعمان نیاز نے ایسا کیوں کہا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ٹی وی پر ایک سٹار کی یوں توہین مناسب نہیں،غیر ملکی اور قومی سٹارز کیا سوچیں گے کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔میں نے بات سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ڈاکٹر نعمان نیاز نے مجھ سے معافی نہیں مانگی اور کوئی چارہ نہیں تھا، اس لیے میں نے استعفیٰ دے دیا۔ دوسری جانب سرکاری ٹی وی کی انتظامیہ نےواقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کےلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی تھی ۔