مہنگائی کا طوفان۔۔۔اب گھی سے تر پراٹھے ملیں گے نہ کھانوں میں تیل نظر آئیگا
اسلام آباد: ملک میں خوردنی تیل اور گھی مزید مہنگا ہوگیا،نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی کی قیمت میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔
نیپرا میں بجلی کی قیمت میں 4 روپے5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواست دیتے ہوئے کہا تھا
کہ گزشتہ ماہ 12 ارب55 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس کی مجموعی لاگت 133 ارب روپے رہی جس پر نیپرا نے قیمت میں 3 روپے 99 پیسے اضافے کی منظوری دیدی۔
دریں اثنا ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورزپرمختلف برانڈزکے گھی اورکوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیاہے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایک کلو گھی کی قیمت میں 208 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی کی فی کلو قیمت 555 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت میں 213 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت 605 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ کوکنگ آئل اور گھی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔