بھائی نے بہن کو چھاؤں دی تو کوئی کندھے پر بچے کو بٹھا کر اس کے ماں باپ ڈھونڈتا رہا ۔۔ خانہ کعبہ میں پیش آنے والے چند دلچسپ واقعات جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے
مسجد الحرام اور مسجد النبوی ﷺ میں ایسے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں جنہوں نے سب کی توجہ حاصل کی یہاں تک کہ غیر مسلم بھی ایسا منظر دیکھ کر حیران ہو گئے تھے۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو چند ایسے ہی لمحات کے بارے میں بتائیں گے۔
خوش قسمت بھائی بہن:
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کافی وائرل ہے جس میں ایک نوجوان شخص کعبۃ اللہ میں اللہ کے حضور دعائیں مانگ رہا ہے جبکہ پیچھے خاتون برقع اوڑھے شخص کے پیچھے بیٹھی ہے۔
دراصل یہ نوجوان شخص اس خاتون کا بھائی ہے، جو کہ کعبۃ اللہ میں ان خوبصورت لمحات کو محسوس کر رہا تھا۔ بہن کو دھوپ محسوس ہو رہی تھی تو وہ بھائی کے سائے میں آ گئی اور اس طرح بھائی دھوپ خود برداشت کر رہا تھا۔
اس تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی تھی۔
گمشدہ بچہ:
کعبۃ اللہ میں ویسے تو ننھے بچے نظر نہیں آتے ہیں لیکن کئی مرتبہ ننھے پھولوں کو بھی دیکھا گیا ہے، جیسے کہ اس ویڈیو میں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں سیکیورٹی اہلکار ایک ننھے بچے کو کندھے پر اٹھائے کھڑا ہے اور اس کے آس پاس کچھ لوگ بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
دراصل یہ بچہ اپنے والدین سے جدا ہو گیا تھا، جسے ملانے کے لیے سیکیورٹی اہلکار بچے کو کندھے پر اٹھائے کھڑا ہے، سیکیورٹی اہلکار کی نظریں کسی کو ڈھونڈ رہی ہیں۔ یہ نظریں اس بچے کے والدین کو تلاش کر رہی ہیں، وہ جہاں کہیں بھی ہوں تو بچے کو فورا دیکھ کر اسے لے جائیں۔
ویڈیو میں صارفین کی جانب سے نظر آنے والے سیکیورٹی گارڈ کو سراہا جا رہا ہے۔
خوش قسمت خاتون:
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو ایسی بھی وائرل ہے جس میں ایک اکیلی خاتون کعبۃ اللہ میں طواف کر رہی تھی، وہ مقام جہاں دن کیا رات میں بھی سناٹا نہیں ہوتا ہے وہاں ایک لمحہ ایسا بھی آیا تھا جب کوئی نہیں تھا۔
یہ وہ وقت تھا جب دنیا میں کرونا وائرس کی وباء اپنے عروج پر تھی، عین اس وقت ایک ایسی خوش قسمت خاتون کو دنیا نے دیکھا کہ کس طرح خاتون اکیلی طواف کر رہی ہے۔ اس منظر کو دیکھ کر یوں معلوم ہو رہا تھا کہ اگر اللہ کی رضا شامل ہو تو دنیا جہاں بھی خلاف ہو جائے، آپ کو کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
پرندوں کا طواف:
دنیا نے اور خاص کر مسلمانوں نے ایک ایسا وقت بھی دیکھا جب خانہ کعبہ کے دروازے مسلمانوں کے لیے بند ہوئے تو پرندوں نے خانہ کعبہ کا طواف شروع کر دیا، اگرچہ انسانوں نے طواف روک دیا تھا مگر پھر بھی طواف نہ رکا۔
یہ وقت تھا کرونا وباء کا، جس میں دنیا کے تقریبا تمام مقامات مکمل طور پر بند تھے، لیکن دنیا اس وقت حیران رہ گئی جب عین کعبے کے اوپر پرندوں نے چکر لگانا شروع کر دیا۔
ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے جذبات پر خوب اثر کیا تھا۔