دنیا بھر میں کروڑوں مداح افسردہ : ارطغرل غازی کا مشہور اداکار انتقال کر گیا
لاہور (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں مقبول سلطنت عثمانیہ پر بننے والی مشہور زمانہ تاریخی تُرک سیریز ’ ارطغرل غازی‘ میں ’ارتک بے‘ کا کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار آئبرک پیکچن 51 برس کی عمر میں سرطان سے طویل لڑائی کے بعد انتقال کر گئے۔51 سالہ تُرک اداکار آئبرک پیکچن پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے،
آئبرک پیکچن کو ان کے آبائی گاؤں مرسیا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔آئبرک پیکچن کے انتقال کی اطلاع ’ارطغرل غازی‘ کے ہدایت کار اور پروڈیوسر مہمت بوزداغ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے دی۔انہوں نے لکھا ’ہمارے پیارے آئبرک پیکچن، جنہوں نے ارطغرل غازی میں اپنی جاندار اداکاری کا لوہا منوایا، کا انتقال ہوگیا۔ میں اللہ سے اپنے بھائی کے لیے رحم کی دعا کرتا ہوں اور خاندان اور مداحوں کے لیے صبر کی خواہش کرتا ہوں۔‘آئبرک پیکچن 22 مئی 1970 کو پیدا ہوئے اور 2001 میں انہوں نے بطور اداکار اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔آئبرک نے بےشمار پراجیکٹس کیے لیکن ’ارطغرل غازی‘ میں ’ارتک بے‘ کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔ ’ارتک بے‘ ارطغرل غازی کے دوسرے سیزن کا حصہ بنے اور پھر آخری یعنی پانچویں سیزن تک ’ارطغرل غازی‘ کے وفادار سپاہی کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیے۔2010 میں فلم Saç پر انہیں نیشنل اور انٹرنیشنل فلم فیسٹولز میں ایوارڈ بھی ملے ۔
انہیں 2012 کی ایک فلم میں انقرہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔اکتوبر 2021 میں انہوں نے سوشل میڈیا پر سرطان کی تشخیص کی اطلاع مداحوں کو دی تھی۔اداکار کا کہنا تھا کہ پیارے دوستو! کمرمیں درد کی شکایت کی وجہ سے ڈاکٹر سے رجوع کیا، اس کے ساتھ شروع ہونے والا عمل آج اس مقام پر پہنچا کہ مجھے پھیپھڑوں کا سرطان ہے اور ٹیومر بھی پھیل گیا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ بدقسمتی سے ابتدائی مرحلے میں بیماری کی تشخیص نہیں ہوسکی ، کیموتھراپی کا پہلا دن ہے
اور میرا خاندان اور دوست میرے معاون ہیں، میں اپنی صحت کو بحال کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔یاد رہے کہ گزشتہ برس جنوری میں سیریل ارطغرل غازی میں ’بامسی بے‘ اور ’ارتک بے‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔اسلام آباد میں ترک سفیر مصطفیٰ یوردکل نے بھی دونوں اداکاروں کے ہمراہ ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی تھی
جس سے اس بات کی تصدیق ہوئی تھی مشہور اداکار پاکستان میں موجود ہیں۔اب آئبرک کے انتقال کی خبر بھی مصطفیٰ یوردکل نے اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کی اور کہا کہ یہ خبر انتہائی افسوسناک ہے۔سینیٹر فیصل جاوید خان نے ترک اداکار کی موت پر ایک تعزیتی پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ایبرک سے ان کی کچھ ملاقاتیں رہیں جس میں انہوں نے اداکار کو ایک لاجواب شخصیت کا مالک پایا۔انہوں نے تُرک اداکار کے ساتھ ایک یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے ترک زبان میں بھی پیغام شیئر کیا۔
واضح رہے کہ ’ارطغرل غازی‘ تاریخ کا بہترین ڈرامہ ہونے پر گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے منتخب ہوا ہے جس کو دیکھنے والوں کی تعداد 30 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور دنیا بھر کی 39 زبانوں میں اس کا ترجمہ کیا گیا ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔