رمضان میں سونا اور موٹر سائیکل بانٹنے والے ۔۔ اب سیلاب متاثرین میں 3 ہزار کا راشن ہی بانٹ دیں
پاکستان میں سیلاب کے بعد لاکھوں لوگ بے گھر ہونے کے بعد کھلے میدانوں اور محفوظ مقامات پر امداد کے منتظر ہیں
لیکن حکومتی ادارے اور ٹی وی چینلز پر لاکھوں کے انعامات بانٹنے والے بھی قدرتی آفت کی زد میں آنیوالوں کی امداد سے قاصر ہیں۔
پاکستان کے چاروں صوبے اس وقت سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ، سندھ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ایک ہزار کے قریب جان کی بازی ہار چکے ہیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
سیلاب متاثرین کیلئے حکومت کی جانب سے تاحال اعلانات کے علاوہ عملی اقدامات کا فقدان نظر آرہا ہے، شہری حکومت کی جانب سے امداد کے منتظر ہیں تاہم کئی علاقوں سے سامنے آنیوالی ویڈیوز نے لوگوں کے اشتعال میں اضافہ کردیا ہے۔
سندھ کے کئی علاقوں میں حکومتی اور سیاسی شخصیات صرف فوٹو سیشن تک محدود نظر آئیں اور کئی جگہوں پر 5 سو اور ہزار روپے
دیکر متاثرین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے بعد پی پی رہنماء فریال تالپور کے شوہر منور تالپور سیلاب متاثرین میں 50، 50 روپے بانٹ کر تالیاں بجاتے روانہ ہوگئے
ملک میں سیلاب کے بعد مختلف این جی اوز بھی حرکت میں آچکی ہیں اور کئی علاقوں میں امدادی کام شروع کردیئے گئے ہیں تاہم سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ رمضان میں ٹی وی شوز میں لاکھوں کے انعامات بانٹنے والے کہاں ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں 50 تولہ سونا اور موٹر سائیکل فری میں بانٹنے والےاب سیلاب متاثرین میں 3 ہزار کا راشن ہی بانٹ دو آپ لوگوں کی بڑی مہربانی ہوگی۔